آل کراچی ہمارا پاکستان فٹ بال کپ 2015ء میں افغان شاہین کی دوسری کامیابی

Karachi

Karachi

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کلری اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام جاری آل کراچی ہمارا پاکستان فٹ بال کپ 2015ء کے دوسرے رائونڈ کا آغاز ہوگیا ،دوسرے رائونڈ کے پہلے میچ میں افغان شاہین نے مد مقابل ڈسٹرکٹ سائوتھ کی قدیم ٹیم لسبیلہ اسپورٹس کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دیدی کھیل کے پہلے ہاف میں افغان شاہین کو 2-0سے برتری حاصل تھی جو ان کے کھلاڑیوں اختر نواز اور وحید کی بدو لت حاصل ہوئی۔

جبکہ دوسرے ہاف میں لسبیلہ اسپورٹس کے امام بخش لاسی نے گول اسکور کرکے مقابلہ 2-1کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا ۔میچ سے قبل مہمان خصوصی بانی علامہ اقبال اسکول بہار کالونی مجیب الرحمن صدیقی نے فٹ بال کو کک لگا کر باقاعدہ ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سائوتھ کے چیئر مین ناصر کریم بلوچ ،ٹورنامنٹ آرگنائزر عثمان تقی ،چیف کوارڈینٹر ٹورنامنٹ عبدالوحید ،رائو اقبال ،چیئر مین ٹورنامنٹ بیگ محمد مندرہ ،سیکریٹری کلری محمڈن رائو اقبال ،جوائنٹ سیکریٹری عبدالرزاق چشتی ،انٹر نیشنل فٹ بالر اعجاز کارا ،ٹورنامنٹ کمیٹی کے ممبران حسین سنگار،اظہر محمود و دیگر موجود تھے۔میچ میں ریفری کے فرائض نذر شباب نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر اللہ بخش الوک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔