کراچی (اسٹاف رپورٹر) کشکول توڑنے کے دعویداروں نے ریکارڈ قرضوں کے حصول کے ذریعے نہ صرف قوم ہر پاکستانی کو لاکھ روپے سے زائد کا مقروض بناکر قوم کے مستقبل تک کو گروی رکھ دیا ہے بلکہ ٹیکسوں کی بھر مار کے ذریعے عام آدمی کیلئے جینا مشکل اور سانس لینا تک تکلیف دہ بنادیا ہے ۔ قوم یہ بات جان لے کہ حکمرانوں کا بیرونی قوتوں اور عالمی مالیاتی اداروں سے وصول کردہ قرضہ اس قدر ہے کہ اس کی اقساط کی ادائیگی حکمرانوں کی کرپشن کے باعث ممکن نہیں اسلئے ہر قسط کی ادائیگی کیلئے نئی شرائط و پابندیوں کے ساتھ نیا قرضہ لینا مجبوری بنادیا گیا ہے ۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے کہا کہ قرض سے قوم کو نجات دلانے اور پاکستان کو بیرونی طاقتوں کی باجگزاری و غیر مرئی غلامی سے نجات دلانے کاواحد راستہ قومی وسائل کا دیانتدارانہ استعمال اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہے مگر وفاقی حکمران نجکاری کے نام پر پی آئی اے سمیت قومی اثاثوں کی فروخت کے ذریعے اس راہ کو بند کردینا چاہتے ہیں جبکہ صوبائی حکمران کرپشن کیخلاف آپریشن کو کراچی تک محدودکرکے اپنی گردن بچانے کیلئے قوم کا مستقبل داو پر لگارہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا ہے کہ زندگی گزارنے کی بنیادی ضروریات و سہولیات میں امن و تحفظ درجہ اول میں آتا ہے گوکہ کراچی میں جاری رینجرزآپریشن پر کئی حلقوں کی جانب سے جانبداری کے الزامات لگانے کے علاوہ بیشمار سوالات بھی اٹھائے گئے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ رینجرز نے اپنے اختیارات کے استعمال کے ذریعے کراچی میں امن قائم کرنے کے ساتھ کرپشن کیخلاف معمولی نوعیت کے اقدامات سے نہ صرف قوم کو کرپشن سے نجات کی نوید سنادی ہے بلکہ عوام دشمن عناصر میں بھی سراسیمگی مچادی ہے اسلئے نہ صرف کراچی آپریشن کا جاری رہنا اور رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع ہونا مفاد عامہ کیلئے ضروری ہے بلکہ رینجرز آپریشن کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جانے اور اسے نیب کی مددسے کرپشن کیخلاف پورے ملک میں بلا تفریق وتخصیص آپریشن کی اجازت دینا بھی ملک و قوم کے محفوظ مستقبل کیلئے لازم ہوچکا ہے جس میں تامل و تاخیر کسی طور قومی مفاد میں ہے اور نہ ہی اس تامل و تاخیر یا اس آپریشن کو محدود و مشروط کرنے والے ملک و قوم سے مخلص اور وفادار ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیاست کی روایت رہی ہے کہ شہری علاقوں کو ہمیشہ ہر طرح کی ترجیحات میں شامل رکھا گیا اور دیہ علاقوں کو ہر طرح سے بنیادی سہولیات اور دیہی عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا جبکہ آج بھی یہی ہورہا ہے شہری عوام کو تحفظ و امن کی فراہمی کیلئے رینجرز پریشن کیا جارہاہے اور رینجرز اختیارات کی مدت میں توسیع کیلئے وزیراعظم ‘ آرمی چیف اور خفیہ ایجنسی کے سربراہ تک مصروف کار نظر آرہے ہیں مگر جاگیراداروں ‘ وڈیروں اور ان کے پالے ہوئے ڈاکووں و غنڈہ عناصر کے ساتھ کرپشن و استحصال کی روایت کے باعث بدحال و غیر محفوظ دیہی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر رہنما امیر علی سولنگی سردار اکرم سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ودیگر نے صدر ‘ وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملک بھر کے دیہی عوام کو بھی تحفظ و امن کی فراہمی اور استحصال و نا انصافی کے ساتھ کرپشن کے باعث مستقبل کو لاحق خطرات سے نجات دلانے کیلئے آپریشن کا دائرہ کار دیہی علاقوں تک پھیلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری عوام کے ساتھ دیہی عوام کو بھی انسان اور پاکستانی سمجھا جائے اور انہیں بھی یکساں امن و تحفظ اور انصاف و حقوق کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔