کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے نوشہرہ میں آرمی پبلک اسکول کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنانے والے افواج پاکستان اور پولیس کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہتے عوام ‘ معصوم بچوں اور افواج پاکستان سمیت پولیس و دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے درندے ہیں او درندگی کو مٹاڈالنا انسانیت کی بقا و تحفظ کیلئے لازم ہے اسلئے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے افواج پاکستان کے عز م کو پوری قوم کا اعتماد اور مکمل تعاون حاصل ہے اور قوم چاہتی ہے کہ بیگناہ عوام کا لہو بہانے اور دہشتگردی کا عذاب مسلط کرکے ملکی معیشت کی بربادی کے ذریعے غریبوں کے بچوں کے منہ سے نوالہ چھین لینے والے درندوں کو چن چن کر ختم کیا جائے چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب ‘ کسی بھی مسلک ‘ کسی بھی مذہبی یا کسی بھی سیاسی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو ۔دہشتگرد ملک وقوم کے دشمن ہیں اوران کا صفایا ملک وقوم کے محفوظ مستقبل کیلئے لازم و ناگزیر ہے۔
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سندھ کے دیہی علاقو کو شہری علاقوں میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کو عدلیہ کا مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل روشن پاکستان پارٹی کے سربراہ امیر پٹی ‘ پاکستان سولنگی اتحاد کے رہنما سردار شبیر سولنگی ‘ پاکستان خاصخیلی اتحاد کے سربراہ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ پاکستان مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ پاکستان میمن فیڈریشن کے رہنما عدنان میمن ‘ نیشنل پیس کمیشن ہیومن رائٹس کے رہنما حاجی امیر علی خواجہ ‘ پاکستان راجپوت اتحاد کے رہنما عارف راجپوت ‘ پاکستان تنولی اتحاد کے رہنما نواب آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی ‘پاکستان جونا گڑھ اتحاد کے رہنما فرزند جونا گڑھ اقبال چاند اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان و نمائندگان نے کہا کہ مقتدر سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات کے حصول کیلئے من مانے اقدامات کے ذریعے عوامی مفادات کو زک پہنچانے کی روایتی پالیسی پر گامزن ہیں جس کے باعث عوامی مسائل ‘ مصائب اور تکالیف میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے اسلئے اگر عوام نے ا ن سیاسی جماعتوں سے چھٹکارہ پانے کیلئے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ نہیں لیا اور اپنے ووٹ کی قوت سے ان روایتی سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو مسترد کرکے برادریوں کے حمایت یافتہ راجونی اتحاد کے دیانتدار ‘ باکردار ‘ تعلیم یافتہ اور عوام دوست ومحب وطن امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب نہیں بنایا تو اصلاح احوال کا خواب بکھر جائے گا اور مستقبل ہمیشہ کیلئے تاریکیوں میں ڈوب جائے گا۔
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی اتحادوں کی ہیئت انگیزی کو جمہوریت اور ملک کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والاالمعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے بننے والے غیر نظریاتی سیاسی اتحاد جمہوریت اور قومی سیاست کیلئے نیک شگون ہر گز نہیں ہیں بلدیاتی انتخابات میں کسی حلقے میں حریفوں کی مستحکم پوزیشن کے پیش نظر کئی حریف جماعتوں کا اتحاد دکھائی دے رہا ہے تویہی اتحادی جماعتیں دوسرے حلقے میں مد مقابل و حریف کی حیثیت سے ایک دوسرے کیخلاف صف آرا¿ دکھائی دے رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاسی جماعتیں مکمل طور پر سیاسی اخلاقیات سے عاری ہوکر سیاسی مفادات کی اسیر ہوچکی ہیں اسلئے بغض معاویہ ہی حب رسول ہے کہ فلسفے کے تحت کامیابی حاصل کرنے والی سیاسی جماعتیں مستقبل میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے باہمی اختلافات ‘ انتشار اور خلفشار کا شکار ہوکر عوامی مسائل و مصائب میں مزید اضافے کا باعث بھی بنیں گی جبکہ صوبائی حکومتوں کے باجگزار بلدیاتی نظام میں بلدیاتی صوبائی حکومتوں سے علاقائی مسائل حل کرانا کمزور پوزیشن سیاسی جماعتوں یا چھوٹے دھڑوں کیلئے کسی طور ممکن نہیں ہوگا جس کا فائدہ بہرحال صوبائی حکومتوں اور اقتدار کے سنگھاسن پر براجمان مطلق عنان وزرائے اعلیٰ کو ہی ہوگا اسی لئے صوبائی حکومتیں ایسے غیر فطری اتحادوں کی تشکیل میں درپردہ فعال کردار ادا کررہی ہیں۔
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی نے سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی‘سردار خادم حسین سولنگی‘ ایڈوکیٹ دیدار سولنگی‘ ڈاکٹر مسعود سولنگی‘ ڈاکٹر قدیر سولنگی‘ وڈیرو علی اصغر سولنگی‘ایڈوکیٹ خادم سولنگی ‘ راجہ ڈاہر سولنگی کے ہمراہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سولنگی اتحاد نے قومی حالات کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لیا ہے مگر اپنی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال ہرقسم کی شخصیت پرستی اور جانبداری سی بالاتر ہوکر خالصتاً اخلاق ‘ کردار ‘ دیانت ‘ شرافت ‘ اہلیت اور حب الوطنی و عوام دوستی کی بنیاد پر کرتے ہوئے ایسے ہی آزاد سولنگی نمائندوں کو کامیاب بنائیں جن میں یہ تمام اوصاف موجود ہوں جبکہ عوام کو دھوکہ دینے والی تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو مسترد کرکے یہ پیغام دیا جائے کہ پاکستان کے عوام بالخصوص سولنگی قوم بالغ ‘ باشعور اور متحدو یکجا ہے او ر اللہ کا شکر ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں قوم نے ہماری اپیل کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے مفاد پرست سیاسی جماعتوں اور روایتی سیاستدانوں تک یہ پیغام پہنچادیا جبکہ ہمیں یقین ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھی سولنگی قوم اتحاد و یکجہتی کا مثالی مظاہرہ کرے گی اور انتخابی نتائج عوام دشمنوں کو ن کی اوقات یاد دلادینگے۔