کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے بلدیاتی انتخابات سے قبل مردم شماری اور انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ درست مردم و خانہ شماری‘ آبادی کے تناسب سے حلقہ بندی ‘ نئے ووٹرز کے اندراج اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیئے اور انتخابی اصلاحات کئے بغیر انتخابات مثبت نتائج سے محروم رہیں گے۔
یہ بات ایم آر پی کے چیئرمین امیر پٹی نے سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘یونس سایانی ‘صدر سلیمان راجپوت ‘جنرل سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر‘ انچارج شعبہ خواتین میڈم انیتا ‘ تبسم ناز اور ایڈوائزر اقبال چاند کے ہمرا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ بلدیات ادارے جمہوریت کی نرسری کہلاتے ہیں قومی انتخابات پر لگنے والے دھاندلی کے الزامات کے باعث جمہوریت پہلے ہی داغدار ہے اور اگر جمہوریت کی نرسری بلدیات کے قیام کیلئے کرائے جانے والے انتخابات میں بھی شفافیت ‘ غیر جانبداری اور عوامی نمائندگی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو جمہوریت کا مستقبل ہمیشہ کیلئے تاریک ہوجائے گا ۔