کراچی (جیوڈیسک) بنگلہ دیشی حکومت کے رویے کے خلاف کراچی میںنظریہ پاکستان ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے بنگلہ دیشی سفارتخانے کے باہر پرامن احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔
پاکستان مسلم الائنس اور جسٹس ہیلپ لائن کے تحت کراچی پریس کلب سے نکالی گئی نظریہ پاکستان ریلی کے شرکاء درجنوں گاڑیوں میں ڈیفنس میں واقع بنگلہ دیشی قونصلیٹ پہنچے اور دھرنا دیا ۔
ہندو برادری اور ہیومن رائٹس کی مختلف تنظیموں کے کارکن بھی ریلی اور دھرنے میں شریک تھے ، شرکاء نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے بھی لگائے۔
ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے یوم پاکستان کے موقع پر 200 پاکستانی فوجیوں کو علامتی پھانسی کی سزا دینے کا اعلان کیا ہے جو ان کی پاکستان دشمنی کا ثبوت ہے ۔
شرکا ءکی جانب سے بنگلہ دیشی قونصلیٹ میں اس موقع پر ایک یادداشت بھی جمع کرائی گئی تاہم بنگلہ دیشی سفارتکار نے یادداشت کی وصولی کے دستخط کرنے سے انکار کردیا۔