کراچی : پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے ہر شعبہ زندگی تنزلی کی سمت سفر کررہا ہے۔ ایک جانب طلبہ کو تعلیمی مسائل کا سامنا ہے تو دوسری طرف روز بہ روز بڑھتی ہوئی مہنگائی، کرپشن، رشوت بد امنی اور بے روزگاری کی وجہ سے پاکستان کا ہر طالبعلم اپنے مستقبل کی وجہ سے فکر مند ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ ہفتہ امداد طلبہ کے ذریعہ ان طالب علموں کی مالی معاونت کرتی ہے جو معاشی مسائل کی وجہ سے علم کی شمع سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔سیکریٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ کراچی انیق احمد تابش نے کہاہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ 1950 ءسے ہفتہ امداد طلبہ کی مہم کے ذریعے غریب اور نادار طلبہ کی امداد کے لئے نصابی کتب اور رقومات کے عطیات جمع کر کے مستحق طلباءکو تعلیمی سہولتیں پہنچا رہی ہے۔
انیق احمد تابش نے کہا کہ مہم کا آغاز جمعہ کی نماز کے بعد شہر کی مساجد کے باہر لگائے جانے والے جھولی فنڈ کے ذریعے کیا گیا ۔جبکہ باقی ایام میںشہر بھر کی مرکزی مارکیٹوں ،زونل، علاقائی، یونٹس، کالجز اور یونیورسٹیز کی سطح پر کیمپس لگائے جائینگے جس میں طلبہ کے لئے نقد اور کتابی صورت میں امداد جمع کی جائیگی۔انہوں نے مزید کہاکہ ہفتہ امداد طلبہ مہم میں کارکنان ہر تعلیمی ادارے، گھر، محلے، دکان اور آفس میں جاکر ایک ایک فرد سے رابطہ کریں گے۔