کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ پاور پلانٹ چینی کمپنی کے اشتراک سے قائم کیا جائے گا جس سے بجلی کابحران کم کرنے میں مدد ملے گی۔
کراچی میں ایک ایک ہزار میگا واٹ کے دو منصوبوں پر ابتدائی کام کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کراچی میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ بھی لیں گے۔ اپنے پہلے دورے میں انہوں نے کراچی میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن کوششیں کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ امن وامان کے لیے جاری اقدامات کا خود وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہیں گے۔ اس سلسلے میں وہ آج کراچی میں پھر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور اقدامات کی رفتار اور نتیجہ خیزی کے حوالے سے جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف مسلم لیگ (ن) سندھ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔