کراچی (جیوڈیسک) کراچی گزشتہ چار سے پانچ روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے آج بھی شہر کا درجہ حرارت 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے رہا اور لوگ سورج کی تپش سے بچنے کے لیے اپنے اوپر پانی ڈالتے رہے۔
شدید گرمی کے بعد دوپہر تین بجے کے قریب کراچی کے علاقے لیاقت آباد ، نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا اور اورنگی ٹاون میں چند منٹ کی بارش ہوئی۔ شام کو گلشن اقبال ، یونیورسٹی روڈ سمیت کئی علاقوں میں بھی چند منٹ کے لئے بادل برسے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ انکی دعا ہے کہ کراچی میں بھر پور بارش ہو تاکہ گرمی کا زور ٹوٹ جائے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں منگل اور بدھ کو بارش ہونے کے قوی امکانات ہیں جس کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی آتی رہے گی۔