کراچی، جشن آزادی، ساحل پر آتشبازی، ایم کیو ایم کی پروقار تقریب

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) جشن آزادی کے موقع پر ساحل سمندر اور مزار قائد پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، ایم کیو ایم کے زیر اہتمام جناح گرائونڈ عزیز آباد میں رنگا رنگ تقریب، قومی و ملی نغمے گائے گئے، آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔ یوم آزادی کے موقع پر شہر کراچی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں ساحل سمندر کا رخ کیا جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے آتشبازی کا انتظام کیا گیا تھا، اس موقع پر منچلے نوجوان پاکستان کے جھنڈے لہراتے اور گھومتے رہے۔ ایم کیو ایم کے تحت یوم آزادی کے حوالے سے جناح گراونڈ میں رنگا رنگ تقریب کا آغاز 14 اگست کی شروعات کے ساتھ ہی کیا گیا۔

تقریب کے آغاز میں شرکا نے قومی ترانہ پڑھا، جسکے بعد خوبصورت آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، عہدیداروں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رات گئے تک جاری رہنے والی تقریب میں عمر شریف سمیت ملک کے معروف گلوکاروں نے اپنے فن کا بھی مظاہرہ کیا اور ملی نغموں پر شرکا کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔