کراچی: جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا پر مسلسل رمضان المبار ک کے تقدس اور افطار کے با برکت لمحات کو لغویات اور فضولیات میں برباد کیا جا رہا ہے، کوئی اینکر خواتین کے ساتھ چھیڑ چھار کر رہا ہے ، کہیں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں سے گانے سنے جا رہے ہیں، مفت کی چندچیزوں کے عیوض عوام سے ان کی عزت نفس اور ان کا پردہ ان سے لوٹا جا رہا ہے، بے حیائی اور عریانیت عام کی جا رہی ہے، کوئی ہندو، سکھ، یہودی، اور عیسائی بھی اپنے مذہبی ایام و تہواروں کو اس طرح برباد نہیں کرتے ہیں جس طرح الیکٹرانک میڈیا پر موجود یہو د و نصاریٰ کے ایجنٹ مسلمانوں کی بہو بیٹیوں کو نچوا کر اہم مذہبی ایام اور مبارک راتیں تباہ کر رہے ہیں،
گزشتہ سالوں کے مقابلے اس سال بے حیائی، فحاشی اور عریانی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں جب کہ قادیانی ، احمدی و لاہوری اقلیتوں کو مسلمان کہلانے کے لئے میڈیا وار شروع کی گئی ہے ، جس کے ذریعے قادیانیوں سے اظہار ہمدردی کے ساتھ ان کے مسلمانانہ حقوق کی بات چھیڑی جا رہی ہے،شاہ اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ ہم نے بحیثیت اقلیت کبھی قادیانی، ہندئو وغیرہ کے حقوق چھیننے کی بات نہیں کی ہے، مگر قادیانی خود کو مسلمان کہتے ہیں جب کہ آئین پاکستان میں چودہ سو سال کا اجماعی فیصلہ موجود ہے کہ قادیانی مرتد اور کافر ہیں، اگر الیکٹرانک میڈیا پر یہ سب کچھ نہیں روکا گیا تو پورے ملک کے علماء و اکابرین کو جمع کر کے حمزہ عباسی اور آج چینل کے خلاف متفقہ فتویٰ اور فیصلہ سنا دیں گے،
جو ہمارے انتہائی اقدام کی جانب پہلا قدم ہوگا، جمعیت علماء پاکستان صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدر محترم فیاض خان اور کے پی کے کے معزز علماء کرام کے اعزاز میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ کیا پیمرا ملک میں انارکی پھیلنے کا انتظار کر رہا ہے؟ ریاستی ادارے کیوں تماش بین ہیں آج چینل پر بدبخت حمزہ عباسی کا پروگرام اب تک بند نہیں ہوا ہے اور وہ شخص رمضان کے آخری دن کا راگ الاپ رہا ہے، مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں اور عوام کی بڑی تعداد نے پیمرا کو شکایت تحریری طور پر بھیج دی ہیں،
نظر انداز کرنے کی پالیسی نا قابل برداشت ہے، آج چینل کو نوٹس اور ہر جانہ بھیجا جائے، کسی بڑے عوامی رد عمل اور انتہائی اقدام سے پہلے پیمرا یہ پروگرام بند کرے، جمعیت علماء پاکستان صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدر محترم فیاض خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں بھی عوامی رد عمل پیدا ہورہا ہے اور عوام مظاہروں اور جلسوں کی جانب بڑھ رہی ہے، انہوں نے امام شاہ احمد نورانی صدیقی کے بھائی مولانا حامد صدیقی ربانی میاں کے لئے فاتحہ و ایصال ثواب کیا، اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان و مرکزی جماعت اہل سنت خیبر پختون خواہ کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی،