کراچی : 22 ہزار پاسپورٹ تیار ہوچکے، ڈائریکٹر پاسپورٹ خالد میمن

Passport

Passport

کراچی (جیوڈیسک) افضل ندیم ڈوگر کراچی میں پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کیلئے اچھی خبر ہے کہ ان کے 22 ہزار سے زائد زیر التوا پاسپورٹ تیار ہوچکے ہیں اور وہ اپنی یہ اہم دستاویز وصول کر لیں۔ ڈائریکٹر پاسپورٹ کراچی خالد میمن نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد میں پاسپورٹ کی تیاری میں غیر معمولی تاخیر کا بحران ختم ہوچکا ہے۔

اب تمام پاسپورٹ مقررہ وقت پر تیار ہو کر متعلقہ دفاتر میں پہنچائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران کراچی سے پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لگ بھگ 22 ہزار پاسپورٹ تیار ہوچکے ہیں، جنہیں سنبھالنا عملے کیلئے مشکل ہو رہا ہے، شہری اپنے پاسپورٹ فوری طور پر وصول کرلیں۔

ڈائریکٹر خالد میمن نے بتایا کہ 5 ہزار روپے کی فیس کی ادائیگی سے ارجنٹ پاسپورٹ 5 دن جبکہ نارمل فیس کی ادائیگی کے بعد پاسپورٹ 12 دن میں مل جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پاسپورٹ مقررہ تاریخ پر ہی وصول کرلیں۔