کراچی (جیوڈیسک) کراچی بے امنی از خود نوٹس پر عملدر آمد سے متعلق سماعت کے دوران رینجرز پولیس نے رپورٹ جمع کرادی۔ جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس امیر ہانی مسلم کراچی بے امنی کیس کی سماعت سپریم کورٹ رجسٹری میں کررہے ہیں۔ رینجرز نے نو گو ایریاز، لیاری اور دہشت گردوں کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ جمع کرادی۔
پولیس نے گرفتار ملزمان پر قائم مقدمات اور عدالت میں پیش کئے جانے والے چالان اور دستاویزات پر اور امن و امان پر مجموعی رپورٹ جمع کرادی ہے۔ سپریم کورٹ کی لارجر بینچ امن و امان کی موجودہ صورتحال اور دیئے گئے احکامات کا تفصیلی جائزہ لے گی، بینچ میں زمینوں پر قبضے، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی اور پولیس میں سیاسی پشت پناہی حاصل کرنے والے افسران سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔