کراچی میں امن ، وزیر اعظم کے فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کیلئے وزیر اعظم کے فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کارروائی کی جائے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے دورہ کراچی کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے وفاقی کابینہ کے تمام مثبت فیصلوں پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وفاقی کابینہ نے کراچی سے تعلق رکھنے والی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے نمائندہ وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مذہبی انتہا پسند ی اغوابرائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ سے اپیل کی کہ ملک کی سلامتی وبقا اور کراچی میں قیام امن کیلئے دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کیخلاف سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کارروائی کی جائے۔