کراچی (جیوڈیسک) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا، گلشن معمار سے 57 افراد کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر پکڑا گیا، پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کر کے 41 مشتبہ افراد کو دھر لیا۔
کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کے خلاف خوب سرگرم عمل ہیں، خفیہ اطلاع ملنے پر گلشن معمار میں رینجرز نے چھاپہ مارا اور سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر معیز سلیم کو گرفتار کر لیا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق پکڑا جانے والا ٹارگٹ کلر معیز سلیم، دو رینجرز اہلکاروں سمیت 57 افراد کے قتل میں ملوث ہے ٹارگٹ کلر، رینجرز اور پولیس کی گاڑیوں پر بھی فائرنگ کر چکا ہے۔ دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے چشتی نگر اورنگی ، نصرت بھٹو نارتھ ناظم آباد، منگھو پیر کے علاقے سلطان آباد اور محمد گوٹھ میں سرچ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران چشتی نگر اورنگی سے 2 ، نصرت بھٹو کالونی سے 9 ،محمد گوٹھ اور سلطان آباد سے 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، پکڑے جانے والے افراد کو پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر لیاقت میں بھی رینجرز نے چھاپہ مار کر پانچ افراد کو حراست میں لے لیا، پکڑے جانے والے افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، شاہ فیصل کالونی میں بھی کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔