بھلوال: پیپلز پارٹی کے حامیوں کا پولیس اور ووٹرز پر تشدد

bhalwaal

bhalwaal

بھلوال(جیوڈیسک) بھلوال میں الیکشن 2013 حلقہ این اے 64 پولنگ سٹیشن 1 چک نمبر 4 جنوبی کے مردانہ پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی کے حامیوں نے ووٹرز اور پولیس ملازمین پر تشدد کیا، بیلٹ پیپرز پھاڑ دیئے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے ووٹرز پر دہشت پھیلاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

بھلوال واقعے کے باعث پولنگ کا عمل ایک گھنٹہ سے زائد معطل رہا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار موقع پر پہنچ گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیر امین الحسنات کے بھائی پیر فاروق بہاالحق شاہ نے زرائع سے گفتگو کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کارکنوں کو ہراساں کرنا قابلِ مذمت ہے۔

ہم ذمہ داروں کے خلاف انتطامیہ سے بھرپور کارروائی کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار ندیم افضل چن نے کہا کہ معاملے کی چھان بین کے ذمہ داروں کا پتہ چلے گا۔ ڈی ایس پی بھلوال مرزا انجم کمال نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے اشتیاق عباس کو دو حامیوں کے ہمراہ علی شاہ اور انجم شاہ کو بدامنی اور بد حواسی پھیلانے پر فوری گرفتار کر لیا۔

اس موقع پر عینی شاہدین نے بتایا کہ اشتیاق عباس عرف شوکی شاہ نے اپنے حامیوں کے ہمراہ ووٹروں، پولنگ عملہ ایجنٹ اور پولیس اہلکاروں پر اپنی مرضی نہ چلنے کی بنا پر بھرپور تشدد کیا اور فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو زخمی کر دیا ۔