کراچی : اہلیان کراچی NA-246 کے ضمنی الیکشن پر تشویش میں مبتلا ہیں، ناہید حسین

Election

Election

کراچی : اربن ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF)کے بانی چیرمین ناہیدحسین نے کہاہے کہ اہلیانِ کراچی NA-246 کے ضمنی الیکشن پر تشویش میں مبتلا ہیں کیونکہ اس کے نتائج بہت بھیانک اور خوفناک بھی ہوسکتے ہیں جس کا نتیجہ کسی اور تبدیلی کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ خطہ میں یمن اور سعودی عرب کی جنگ کے حوالے سے تبدیلیاں وا قع ہورہی ہیں۔

ایسے میں پالیسی سازوں کو ملک و قوم کے بہتر مفا د میں توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ دشمن قوتیں آس پاس ہی موجود ہیں جو چنگاریاں لگا سکتی ہیں لہذٰا تحریک انصاف، جما عت اسلا می اور متحدہ قومی موومنٹ معاملے کی نذاکت کو سمجھیں اور بہتر فیصلہ کریں اور ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی سے گریز کریں اور ایک دوسرے کا احترام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہداداران و کارکنان کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مزید کہا کہ NA-246 سے الیکشن لڑنے والی تمام جماعتوں کو چاہئے کہ وہ جارحانہ رویے سے گریز کریں ،بھاری بھر کم جملوں کا استعمال بند کیا جائے ،تمام بڑی جماعتوں کو قوت برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئے ،ان کی اس کشیدگی کی وجہ سے کراچی آپریشن متاثر ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاموشی سے بھی الیکشن میں حصہ لے کر جیتنے کی کوشش کی جاسکتی ہے اور ویسے بھی لوگوں میں شعور بیدار ہوچکا ہے اور اس لحاظ سے بلا خوف الیکشن میں کسی چیخ و پکار کے بغیر حصہ لیا جاسکتا ہے اور ہر سیا سی جماعت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے کسی بھی شہر یا گائوں میں الیکشن لڑ سکتی ہے اور کوئی بھی علا قہ No Go Area نہیں ہونا چاہئے ہر سیا سی جماعت کو یہ حق حا صل ہے کہ وہ اپنا دفاع کرے مگر اسے ذاتی انا کا مسئلہ بنا نے کے بجائے تمام سیاسی جماعتیں صر ف انصاف کے دائرے میںرہ کر دیکھیں۔

کیونکہ جنگیں تشدد سے نہیں بلکہ بہتر حکمت عملی سے جیتی جاتی ہیں سب سے بڑا ہتھیار بہترین اخلاق ہوتا ہے جو کبھی دھوکا نہیں دیتااگر اس کا استعمال کیا جائے تو معاملات بہتر ہوسکتے ہیں تحمل اور قوت برداشت جب تک کسی لیڈر کا خاصہ نہ ہو وہ کبھی قائد نہیں ہوسکتا ،ناہید حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جمہوریت کا مطلب عوام کی خدمت ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ زبر دستی لوگوں پر اپنے نظریا ت،خیالات اور فلسفہ مسلط کیا جائے۔

اپنے جذبات و خیالات اور ترجیحات نرم روی سے بیان بھی کئے جاسکتے ہیں ضروری نہیں ہے کہ اپنی جیت کو حتمی بنانے کیلئے اپنے لہجے میں سختی پیدا کی جائے ،کہتے ہیں کہ ”میٹھے بول دلوں کو چھو لیتے ہیں” اور مار دھاڑ سے انسان کی تمام شخصیت جھاگ کی طرح بیٹھ جاتی ہے اور گرجنے اور طبل جنگ بجانے سے کسی کو بھی قائل نہیں کیا جا سکتا سیاسی میدان اپنے کردار اور گفتار کی نرمی سے ہی جیتا جا سکتا ہے اسی لئے UDF سمجھتی ہے کہ کراچی NA-246 کے موجودہ ضمنی الیکشن اہلیانِ کراچی کیلئے باعثِ تشویش بنتے جارہے ہیںاور تمام سیا سی جماعتوں کا رویہ جارحانہ ہے۔