کراچی : سربراہ بیت المال سندھ ورہنماء تحریک انصاف حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی پالیسیاں اور حرکتیں سمجھ سے بالاتر ہیں ،سندھ حکومت عوام کو صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ سمیت زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ، تعلیم کو دیکھا جائے تو سندھ میں جامعات بند ہیں جبکہ پورے ملک کی دیگر جامعات کام کر رہی ہیں ، ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے، سندھ کے بیشتر علاقوں میں بچے بھوکے اور ننگے ہیں معصوم بچوں کے پیروں میں چپل تک نہیں ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھوک ، غربت اور بیروزگاری نے لوگوں کو بچے فروخت کرنے پر مجبور کردیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، حنید لاکھانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اسوقت جن مشکلات سے گزر رہا ہے یہ مشکلات ماضی کی حکومتوں کی بد انتظامی اور کرپشن کا نتیجہ ہیں۔
عبد المجید کوئی اور نہیں بلکہ زرداری ہی ہے اور مراد علی شاہ بھی آصف زرداری کے لیئے کام کرتے ہیں ، صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی نے شہر قائد کے لوگوں کو شدید ذہنی کرب و اذیت میں مبتلا کردیا ہے کراچی میں ایک المناک فضائی حادثہ ہوا لیکن شہر میں ڈی این اے کی سہولت ہی موجود نہیں ہے ، شہر میں نہ تو کوئی صحت کا نظام ہے اور نہ ہی ٹرانسپورٹ کا، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو صحت، تعلیم ، ٹرانسپورٹ سمیت جتنے بھی شعبے ہیں سب میں کرپشن ہے اور پیپلز پارٹی نے پورے صوبے کے نظام کو تباہ و برباد کردیا ہے، تعلیمی نظام کا یہ عالم ہے کہ اسکولوں میں جانور بندھے ہوئے ہیں اور عمارات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ سندھ حکومت ان اسکولوں کے نا م پر کروڑوں روپے کا بجٹ لیکر کھا جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی بے حسی کایہ عالم ہے کہ معصوم بچوں کی صحت کے لیئے جاری کیے جانے والا پیسہ بھی کھاجاتے ہیں لاک ڈاءون میں سائیں سرکار نے ہاتھ باندھ کر شاندار اداکاری کی اور سندھ کی عوام کو راشن کے بجائے بھاشن دیا، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ساکرو کے سرکاری اسکول کے بے حالی میں نے خود دیکھی اور ٹھٹھہ کے دورے کے دوران میں دیکھا کہ گوٹھوں میں لوگوں کی یہ حالت ہے ایسا پانی پینے پر مجبور ہیں جو جانوروں کے پینے کے قابل بھی نہیں ہے۔