کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر کافی حد قابو پایا جا چکا ہے، جب لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھا تو اس وقت صرف 17 فیصد علاقہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ تھا لیکن اب کراچی کے 55 فیصد علاقے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں، دفاعی تنصیبات، ائرپورٹس اور انڈسٹریز سے لوڈ شیڈنگ ختم کی جا چکی ہے، یہ بات انہوں نے نوشہرہ کنٹونمنٹ سے تعلیمی دورے پر کراچی آئے ہوئے کورس کے شرکا سے گورنر ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہا کہ کراچی معاشی حب ہے، عام شہری امن چاہتے ہیں اور اس کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، کراچی میں جرائم کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے اور بہت جلدمختلف نوعیت کے جرائم پر قابو پاکر شہر میں امن مکمل طور پر بحال کر کے روزگار اور صنعتوں کو ترقی دی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں، امن و امان قائم رکھنے والے ادارے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کراچی میں امن چاہتے ہیں تا کہ یہاں معاشی، اقتصادی اور معاشرتی سرگرمیاں جاری رہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی ترقی دراصل پورے ملک کی ترقی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں جارحیت پسندی، تشدد، فرقہ وارانہ سرگرمیوں کو چھوڑ کر ایک قوم کی طرح پاکستان کی ترقی کے بارے میں سوچنا ہو گا، بعض شرپسند عناصر اور مختلف مافیا کے ارکان اپنے مخصوص مقاصد کے حصول کے لئے مختلف مذہبی اور لسانی مسائل پیدا کرتے ہیں۔