کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف، چوہدری شجاعت اور پیر پگارا کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں متحدہ مسلم لیگ کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا نے کراچی میں سابق صدر پرویز مشرف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں متحدہ مسلم لیگ کے قیام سمیت مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے بھی رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا- ملاقات کے بعد چوہدری شجاعت نے میڈیا سے گفتگو بھی کی- ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مڈٹرم الیکشن یا مارشل لا میں سے کوئی بھی تبدیلی خارج از امکان نہیں۔
پرویز مشرف سے بات چیت کے حوالے سے چوہدری شجاعت نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں اہم فیصلے کیے ہیں، تاہم فی الحال ان کی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں، وقت آنے پر اعلان کردیا جائے گا-ایک اور سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ یہ کسی کی حکومت گرانے اور اپنی حکومت بنانے کا معاملہ ہرگز نہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے وفد کے ہمراہ آغا خان جماعت خانہ کلفٹن میں اسماعیلی کمیونٹی کے وفد سے بھی ملاقات کی اور سانحہ صفورہ پر اظہار تعزیت کیا۔