کراچی(جیوڈیسک)کل کراچی، پشاور ، کوئٹہ اور تربت میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور انتخابی دفاتر پر حملے کیے گئے۔کراچی میں لانڈھی کی مظفر آباد کالونی میں این اے 255 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عبدالرحمان کی گاڑی پرکریکر حملہ کیا گیا۔اس حملے میں عبدالرحمان تو محفوظ رہے لیکن ایک راہ گیر بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
پشاور کے علاقے اتحاد کالونی میں پی کے 9 سے مسلم لیگ ق کے امیدوار مولانا شعیب کے انتخابی دفتر پر فائرنگ کی گئی اور چند افراد نے دفتر میں گھسنے کی کوشش بھی کی۔گارڈز کی فائرنگ کے بعد حملہ آورفرار ہو گئے۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔کوئٹہ اور تربت میں نیشنل پارٹی کے انتخابی دفاتر پر دستی بم پھینکنے کے واقعات ہوئے۔ یہاں بھی خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔