کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی ان سے پوچھے بغیر لگائی گئی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ اس وقت امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور این اے 246 میں پولنگ کا عمل درست انداز میں چل رہا ہے لیکن اس کے باوجود ایم کیو ایم کی شکایت سمجھ سے باہر ہے اہم ہماری حکومت میں کسی کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ڈبل سواری پر پابندی صرف ضلع وسطی میں لگنی چاہئے تھی لیکن ان سے پوچھے بغیر یہ پابندی پورے شہر میں لگادی گئی۔
سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے حوالے سے قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کو پتا نہیں کیا ہوا کہ اچانک ابل پڑے، انہیں اور ان کی اہلیہ فہمیدہ مرزا کو سیکیورٹی فراہم کی جار ہی ہے تاہم پہلے بہت زیادہ سیکیورٹی دی گی تھی جسے اب کم کردیا گیا ہے۔