کراچی : زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے محمود آباد میں کچی شراب پینے سے دو سگے بھائیوں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جبکہ متعدد افراد جناح ھسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے شراب فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ گزشتہ رات محمود آباد کے علاقے آعظم بستی میں کچی شراب پینے سے 12 افراد کی حالت خراب ہوگئی جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے جناح ھسپتال منتقل کیا گیا۔

ھسپتال انتظامیہ کے مطابق کچی شراب پینے والے افراد میں سے 9 افراد کی ہلاکت ہوگئی ہے۔ مرنے والے افراد کی لاشیں گھروں کو پہنچیں تو اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے۔ کچی شراب پینے سے کورنگی زمان ٹاون، شرافی گوٹھ اور ڈاکس تھانے کی حدود سے بھی تین افراد کو بے ہوشی کی حالت میں جناح ھسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

کچی شراب پینے سے مرنے والے افراد کی شناخت آصف، صدیق، جانسن، وکٹر، کاشف، بشرمسیح، شہزاد مسیح اور بوٹا کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب محمود آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے کچی شراب بیچنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کچی شراب تھیلوں میں ریکسر لائن سے لاکر محمود آباد میں سپلائی کرتے تھے۔