کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے احسن آباد میں زہر خورانی سے جاں بحق پانچ بہنوں کی میتوں کو تدفین کیلئے آبائی علاقے لاڑکانہ روانہ کر دیا گیا۔
احسن آباد میں واقع اس گھر کو پولیس نے شواہد محفوظ بنانے کیلئے سیل کردیا ہے۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب یہاں زہریلا کھانا کھانے سے واٹربورڈ ملازم غلام مرتضی کی 5بیٹیوں نے دم توڑدیا جبکہ خاندان میں شامل دیگر افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں اس افسوسناک واقعے پر علاقے کی فضا سوگوار ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچ جانے والے کھانے کے نمونے فارنزک ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔ میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ درج کیا جائیگا۔ زہرخورانی کا یہ واحد واقعہ نہیں۔ دو برس قبل بھی سہراب گوٹھ کے علاقے میں بریانی کھانے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جسکی تحقیقات کیمطابق بریانی میں استعمال کیا گیا نمک زہریلا تھا۔ جسے فٹ پاتھ پر نمک بیچنے والوں سے خریدا گیا تھا۔