کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں حیدری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب دستی بم حملے کا ملزم گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ملزم ذوہیب کا تعلق لیاری گینگ وار امین بلیدی گروپ سے ہے۔
حیدری پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار امین بلیدی گروپ کے اہم کارندے ذوہیب کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب بھتے کے تنازعے پر دستی بم حملہ کیا تھا۔
ملزم سینٹرل زون میں تاجروں کے گھروں اور مارکیٹوں کے باہر دستی بم حملوں اور بھتہ خوری میں ملوث ہے۔ ملزم کا گروپ پانچ سے سات افراد پر مشتمل ہے۔ ملزم کے ساتھیوں کے گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
نیو کراچی پولیس نے بھی مقابلے کے بعد چار افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر توحید کو گرفتار کیا ہے جو حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ادھر مومن آباد پولیس نے ڈکیتی میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔