کراچی میں پولیس کا القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان کے 2 دہشت گرد ہلاک کرنے کا دعویٰ

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس ایس پیر ملیر راؤ انور کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد گلشن بونیر میں پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے بعد جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت متین اور قاری سجاد کے نام سے ہوئی۔

راؤ انوار نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان سے ہے جب کہ ملزمان رزاق آباد پولیس ٹرین سینٹر کراچی، مناواں پولیس ٹریننگ سینٹر لاہور اور سینٹرل جیل تک سرنگ کھودنے میں ملوث تھے۔
ایس ایس پیر ملیر نے مزید بتایا کہ دہشت گرد متین نے رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے باہر بارودی گاڑی کھڑی کی تھی۔

جس کے نتیجے میں 13 اہلکار شہید ہوئے تھے جب کہ متین وزیرستان سے اسلحہ و بارود بھی لے کر آیا تھا۔ راؤانوار کے مطابق ہلاک دہشت گرد کراچی میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے جن کے قبضے سے اسلحہ گولا بارود سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔