کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے ویسٹ زون سے گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر امیتاز عرف مانا سے تفتیش میں اہم پیش رفت ، ملزم کا شہریوں کو فائرنگ اور جلا کر قتل کرنے کا انکشاف ، دوران تفتیش 15 ٹارگٹ کلرز کے نام بھی اگل دیئے ۔
کراچی کے ویسٹ زون سے گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر امیتاز عرف مانا سے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے ۔ گرفتار ٹارگٹ کلر کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر ایم کیو ایم کے علاقائی ذمہ دار مستنصین زیدی کو قتل کیا ۔ مستنصین زیدی کو یونٹ انچارج کمال حسین کی ہدایت پر قتل کیا ۔ ملزم کے مطابق ٹارگٹ کلرز کی ٹیم میں 5 ملزمان پر مشتمل ہے۔ ملزمان میں عامر، ابراہیم، شاہد، کاشف اور فخر شامل ہیں ۔
گرفتار ٹارگٹ کلر کا کہنا ہے کہ لسانی فسادات کے دوران قتل و غارت گری کی متعدد وارداتیں کیں ۔ فسادات کے دوران ایک شخص کو آگ لگا کر مارنے کی کوشش کی، نہ مرا تو پتھروں سے مار مار کر قتل کر دیا ۔ ملزمان نے شہر میں جاری آپریشن کے باعث ٹارگٹ کلنگ چھوڑ کر اسٹریٹ کرائم شروع کر دیئے ۔
تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزم لیاقت آباد ٹاون کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں مالی ہے جبکہ ملزم امتیاز عرف مان نے دوران تفتیش 15 ٹارگٹ کلرز کے نام اگل دیئے ہیں ۔ ملزم کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔