کراچی: پولیس بس پر خودکش حملہ، جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 11 ہوگئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے حملے سے لرز اٹھا۔ بارود سے بھری گاڑی پولیس بس سے ٹکرا دی گئی۔ جس سے گیارہ اہلکار شہید اور انتالیس افراد زخمی ہو گئے۔

خودکش حملہ آور نے شاہ لطیف ٹاؤن میں رزاق آباد ٹریننگ سنٹر نیشنل ہائی وے کے قریب بارود سے بھری گاڑی اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی بس سے ٹکرا دی۔

تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس سمیت،، شہر کے حساس مقامات پر ڈیوٹی دینے جانے والے پولیس کمانڈوز کی بس رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر سے نکلی ہی تھی کہ زوردار دھماکہ ہو گیا۔ پولیس کے مطابق چالیس سے پچاس کمانڈوز بس میں سوار تھے۔ دھماکے کے بعدبم ڈسپوزل اسکواڈ، امدادی ٹیمیں، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

سیکورٹی اہلکاروں نے ٹینٹ لگا کر جائے وقوعہ کو سیل کر دیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئے۔ واقعے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے جنہیں جناح اسپتال اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

زخمیوں میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ،، راہ گیر بھی شامل ہیں۔ جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب جناح اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔