کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں گینگ وار کے 4 ملزمان ہلاک جب کہ 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔
ایس ایس پی سٹی فدا حسین نے بتایا كہ کھارادر اور چاکیواڑہ کے علاقے میں گینگ وار کے کارندوں کی اطلاع پر پولیس نفری نے مذکورہ علاقوں کا محاصرہ کیا تو گینگ وار کے کارندوں نے فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی کارروائی میں گینگ وار کے 2 ملزمان ہلاک ہو گئے جن کی شناخت عبدالمجید بلوچ اور یاسین عرف کانا کے نام سے ہوئی، ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے تھا۔
چاکیواڑہ کے علاقے آدم ٹی اسٹاپ کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ وار کے 2 کارندے ہلاک ہو گئے جن کی شناخت سلمان عرف سلو اور ارسلان عرف گلو کے نام سے ہوئی، دونوں کا تعلق عذیر بلوچ کے اہم کمانڈر شیراز کامریڈ گروپ سے تھا۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے گینگسٹرز کے قبضے سے کلاشنكوف، آوان لانچرز، نائن ایم ایم پستول اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزمان بھتہ خوری، پولیس و دیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم كی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔
دوسری جانب پیر آباد پولیس نے منگھوپیر روڈ پر مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی، ایس ایچ او ایاز بروہی نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت نادر اور اعظم شاہ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ فرنٹیئر کالونی کے رہائشی ہیں۔