کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس میں انسداد دہشت گردی کا خصوصی یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ دہشت گردی کے واقعات سے بھرپور انداز میں نمٹ سکے گی۔
یونٹ میں 500 کمانڈوز بھرتی کیے جائیں گے جنھیں جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے علاوہ دہشت گردوں سے نمٹنے کی بھرپور تربیت بھی فراہم کی جائے گی، برانچ ڈی آئی جی رینک کے افسر کے ماتحت ہو گی۔
شہر بھر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں اور بالخصوص ملک میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد کراچی پولیس میں خصوصی یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کراچی پولیس کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ کراچی پولیس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی برانچ ’’ سی ٹی بی ‘‘ (COUNTER TERRORISM BRANCH) قائم کی جائے گی جوکہ ڈی آئی جی رینک کے افسر کے ماتحت ہو گی، مذکورہ برانچ میں 500 افسران و اہلکار بھرتی کیے جائیں گے جنھیں کمانڈو طرز کی تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ جدید ہتھیاروں سے بھی لیس کیا جائے گا۔
اعلیٰ افسر نے مزید بتایا کہ ڈی آئی جی کے ماتحت 3 ایس پیز ہوں گے جن میں ایس پی انٹیلی جنس ، ایس پی آپریشنز اور ایس پی انویسٹی گیشن شامل ہوں گے، انٹیلی جنس کے لیے روایتی طور طریقوں کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جائے گا جن میں خفیہ کیمرے، خفیہ وائس ریکارڈر اور دیگر آلات شامل ہوں گے۔
اعلیٰ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ خصوصی برانچ انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کرے گی جس کے بعد آپریشنز فورس کارروائی کرے گی اور اس کے بعد انویسٹی گیشن برانچ ہی گرفتار ملزمان سے تفتیش کرے گی، اپنی کارروائیوں کے علاوہ انویسٹی گیشن برانچ شہر میں ہونے والے دیگر واقعات کی تفتیش بھی کر سکتی ہے، اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں ڈرافٹ تیار کرکے سندھ حکومت کو بھیجا جاچکا ہے۔