کراچی (جیوڈیسک) گلشن اقبال میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک ہو گئے، عائشہ منزل کے قریب چور نادرا کے دفتر سے کیمرہ اور تیار شناختی کارڈ سمیت قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
ایس ایس پی ایسٹ جاوید جسکانی کے مطابق گلشن اقبال موتی محل کے قریب مسلح ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے تین ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ملزمان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ شاہراہ پاکستان پر عائشہ منزل کے قریب نامعلوم چور نادرا کے دفتر میں چوری کی واردات کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کیمرہ، قیمتی سامان اور شہریوں کے تیار شناختی کارڈ چوری کرکے فرار ہوگئے۔ عملے کے مطابق صبح دفتر پہنچے تو تالے ٹوٹے پائے گئے۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔