کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقوں بلدیہ ٹاون اور لیاری میں پولیس مقابلوں کے دوران گینگ وار کے 3ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ادھر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے ڈیفنس میں واقع نجی اسپتال میں کارروائی کرکے 2افغانی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس پی اعجاز ہاشمی کے مطابق اتحاد ٹاون میں سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جس پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ میں 2ملزمان عبد النوید اور ارشد ہلاک ہوگئے۔
ادھر لیاری کے علاقے سنگولین میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار عزیر بلوچ سے تعلق رکھنے والا ملزم ہلاک ہو گیا۔ ایس پی سٹی ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم ناصر عرف گولی نے کھارادر میں پولیس افسر کو قتل کیا تھا۔
دوسری جانب ڈیفنس میں واقع ایک نجی اسپتال پر حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کی جانب سے چھاپا مار کارروائی کی گئی اور افغانستان سے علاج کے لیے آئے 2افراد کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں افراد کا تعلق افغان صوبے قندھار سے ہے اور یہ 21ستمبر سے زیر علاج تھے۔