کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس نے عزیر بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارا ،جس پر علاقہ مکین احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آ گئے، کاروبار زندگی معطل ہو گیا۔ پولیس نے لیاری کے مختلف علاقوں میں سماج دشمن عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپے مارے، پولیس نے لیاری کے رہنما عذیر بلوچ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تاہم وہ وہاں موجود نہیں تھے۔
پولیس چھاپوں کے بعد علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کر دیا جس کے باعث علاقے میں کاروبار زندگی معطل ہو گیا ہے۔ ایس پی لیاری نجم ترین کے مطابق لیاری میں چھاپوں کے دوران دس افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
رات گئے لیاری کے علاقوں مندرہ محلہ اور الفلاح روڈ پر کریکر حملے میں پانچ سالہ بچے سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔ بہار کالونی میں کریکر حملے میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ دبئی چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔