کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز کی کارروائی کے دوران تین دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے، ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور رائفل برآمد کر لی گئی ہیں، مومن آباد میں ملزمان کی فائرنگ سے ایک راہگیر ہلاک اور ایک زخمی بھی ہوا۔
جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر رینجرز نے علی الصبح اورنگی ٹاون مومن آباد میں چھاپہ مارا ۔ ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران دو دہشتگردوں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کامران نامی راہگیر ہلاک ہوگیا ۔ واقعے کے بعد رینجرز اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ رینجرز کی مزید نفری طلب کر کے علاقے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ایک ایسی ہی کارروائی میں اورنگی ٹاون پریشان چوک پر رینجرز نے مکان پر چھاپہ مارا۔ اہلکاروں کے خوف سے مکان میں موجود تین دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگئے اور مکان گر گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ آئی ای ڈی ڈیوائز سے کیا گیا۔
دھماکے میں چار سے پانچ کلو بارودی مواد استعمال ہوا ۔ منہدم مکان سے ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو دستی بم ، چار آوان بم اور رائفلیں بھی ملی ہیں۔ رینجرز کی جانب سے منہدم مکان کا ملبہ ہٹانے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ، ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر نے آپریشن کی نگرانی کی۔