کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے کراچی کے نجی ہسپتال پر چھاپہ مار کر 12 دن سے حبس بے جا میں رکھی خاتون ڈاکٹر کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے ہسپتال کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ کی ہدایت پرایس ایچ او نیو ٹاؤن نے لیاقت نیشنل ہسپتال پر چھاپہ مار کر ڈاکٹر نیلوفر کو بازیاب کرلیا۔ خاتون ڈاکٹر 12 روز سے ہسپتال کے ایک کمرےمیں بند تھی۔ خاتون ڈاکٹر کو عدالت میں پیش کیا گیا تواس نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی بوڑھی والدہ کےعلاج کیلئے نجی ہسپتال گئی تو ہسپتال انتظامیہ نے اسے پاگل قرار دے کرایک کمرے میں بند کر دیا۔ خاتون ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ حبس بے میں رکھنے کے دوران اسے شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ بجلی کے جھٹکے بھی دیئے گئے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اس کے رشتے دار اس کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہسپتال کی انتظامیہ ان کے ساتھ مل گئی ہے۔ خاتون ڈاکٹر کو عدالت میں پیش کیا گیا تو تشدد اور بجلی کے جھٹکے لگنے سے بہت کمزور لگ رہی تھی۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ جس ہسپتال میں اپنے مریضوں کو ریفر کرتی تھی ۔ عدالت نے مذکورہ نجی ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔