کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس کے شہداء کے ورثا میں بحریہ ٹاؤن کی جانب سے چیک اور پلاٹ کے مالکانہ حقوق دینے کی تقریب ہوئی۔ کراچی میں بحریہ ٹائون کی جانب سے سندھ پولیس کے شہدا کے ورثا میں فی کس دس لاکھ روپے اور ایک ایک پلاٹ دیا گیا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں بحریہ ٹائون کے زیر اہتمام پولیس شہدا کے ورثاء کو چیک اور پلاٹ کے مالکانہ حقوق دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر بحریہ ٹائون کے سربراہ ملک ریاض حسین کے داماد زین ملک نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے شہدا کو 125 گز کا پلاٹ اور10 لاکھ روپے دئیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ بحریہ ٹائون نے ثابت کیا ہے کہ پولیس شہدا کی فلاح و بہبود میں عوام بھی ساتھ ہیں۔