کراچی: پولیس افسر شفیق تنولی پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں پیش رفت

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس افسر شفیق تنولی پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا چیسز نمبر مٹا ہوا ہے۔

کراچی میں پرانی سبزی منڈی کے قریب پولیس افسر شفیق تنولی پر ہونے والے حملے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا چیسز نمبر مٹا ہوا ہے، ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ حملہ آور دھماکے میں زخمی ہوا یا فرار ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد سے تفتیش کی جائے گی۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل کے سیٹ کے نیچے نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔ دھماکے میں چار سے پانچ کلو گرام بارودی مواد اور نٹ بولٹ استعمال کیے گئے۔

حکام نے حتمی رپورٹ مرتب کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لئے مختلف نمونوں کی فرانزک جانچ کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ شفیق تنولی نے ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا ہے جس کے مطابق دھماکے سے پہلے حملہ آور سے موٹر سائیکل پھسل گئی تھی، موٹر سائیکل پھسلتے ہی حملہ آور موٹر سائیکل سے کود گیا اور موٹر سائیکل گاڑی سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹ گئی۔گذشتہ روز پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکے میں ایک بچے سمیت دو افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہو گئے تھے، واقعے میں آٹھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔