کراچی : گرفتار افراد کی رہائی، پنجاب چورنگی پر جاری احتجاج ختم

Karachi Protest

Karachi Protest

کراچی (جیوڈیسک) گذری میں ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان پر حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لئے گئے بارہ افراد کی رہائی کے بعد پنجاب چورنگی کراچی پر جاری علاقہ مکینوں کا احتجاج ختم کر دیا گیا۔

گذری کے علاقے بخش ولیج اور چانڈیو ولیج میں پولیس کی جانب سے ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان پر حملے کے بعد چھاپوں اور متعدد افراد کو حراست میں لینے کے خلاف علاقہ مکینوں نے پنچاب چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے کے باعث پنجاب چورنگی کےاطراف شدید ٹریفک جام ہو گیا، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ پولیس علاقے سے معذور افراد کو حراست میں لے رہی ہے اور زیر حراست افراد سے متعلق کوئی معلومات نہیں دی جا رہیں۔

جبکہ پولیس کا مؤقف ہے کہ سی سی ٹی وی سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر کارروائی کررہے ہیں، احتجاج کی اطلاع ملنے پر پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم سی آئی ڈی گارڈن پہنچے جہاں پولیس سے مذاکرات کے بعد زیرحراست افراد میں سے بارہ افراد کو چھوڑدیا گیا ۔

مذکورہ افراد کی رہائی کے بعد پنجاب چورنگی پر جاری احتجاج ختم کر دیا گیا اور مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔