کراچی پولیس میں اکھاڑ پچھاڑ کا عمل جاری، اہم افسران کے تبادلوں کا امکان

Sindh Police

Sindh Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا عمل جاری ہے جس کے تحت شہر کے 3 اضلاع کے ڈی آئی جیز سمیت ایس ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے 3 اضلاع میں نئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جیز) تعینات کیےجائیں گے جن میں ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کی جگہ امین یوسف زئی، حال ہی میں تعینات ہونے والے ڈی آئی جی ویسٹ سلطان خواجہ کی جگہ ڈی آئی جی سی آئی اے کیپٹن (ر) طاہر نوید اور ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کی جگہ علیم جعفری کو تعینات کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے سمریاں وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوادی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں مختلف اضلاع کے 6 سینئر سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پیز) اور اس کے بعد اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) کے بھی تبادلے کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا فیصلہ نئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کی تعیناتی کے بعد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کیے گئے تھے جن میں 4 ایڈیشنل آئی جیز اور 5 ڈی آئی جیز سمیت 60 ڈی ایس پی شامل تھے۔