کراچی: پولیس اور رینجرز کا مکان پر چھاپہ، کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ ملزمان ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گلشن بونیر میں پولیس اور رینجرز نے ایک مکان پر چھاپہ مارا، جس کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ ملزمان مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جو رزاق آباد پولیس بس حملے میں بھی ملوث تھے۔

پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں پولیس نے کالعدم تنظیم سے وابستہ ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے ایک مکان پر چھاپہ مارا تو گھر میں موجود مبینہ ملزمان نے دو دستی بم پولیس اہلکاروں پر پھینکے جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے 2 مبینہ ملزمان ہلاک ہوگئے۔

ایس ایچ او تھانہ قائد آباد کے مطابق کاروائی کے دوران دو پولیس کے سپاہی اور ایک رینجرز اہلکار معمولی زخمی بھِی ہوئے، مارے گئے ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور ایک ہینڈ گرنینڈ بھی ملا ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گلشن بونیر میں رینجرز اور پولیس مقابلے کے دوران مارے گئے دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ مارے جانے والے دونوں ملزمان رزاق آباد میں پولیس بس پر حملے میں ملوث تھے۔رزاق آباد میں پولیس بس پر ہونے والے حملے میں 13 پولیس کمانڈوز جاں بحق اور 58 زخمی ہوئے تھے، جن کا تعلق اسپیشلائزڈ سیکورٹی یونٹ سے تھا۔