کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں گینگ وار کا مطلوب ملزم ثاقب باکسر ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت نو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ لیاری میں پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں سنگین مقدمات میں مطلوب گینگ وار کا اہم ملزم ثاقب باکسر مارا گیا۔
آپریشن کے دوران علاقے میں کرفیو کا سماں رہا اور دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہو گئے۔ شہر قائد میں دہشتگردوں کی جانب سے شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ کھارا در کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد دم توڑ گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہو گئے۔
مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔ مچھر کالونی میں بھی فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد چل بسے۔ سرجانی بابا موڑ کے قریب فائرنگ سے بھی ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ لیاری آدم خان روڈ اور ویٹا چورنگی سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ کورنگی روڈ کالا پل کے نزدیک فائرنگ سے زخمی ہونیوالا شخص دم توڑ گیا۔ علاقہ مکینوں نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔