کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں شب برات کے موقع پر 25 سو سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ حساس مقامات اور قبرستانوں کے اطراف بم ڈسپوزل سکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس بھی کرائی جا ئے گی ۔ شہر قائد میں شب برات کی سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دو سو سے زائد قبرستانوں، ساڑھے چار ہزار کے قریب مساجد اور امام بارگاہوں سمیت دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی۔ 195 پولیس موبائل، 156 موٹر سائیکل سکواڈ اور چھ بکتر بند گاڑیوں میں پولیس کے اکیس سو اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
اہم اور حساس مقامات پر متعلقہ تھانے کے اہلکاروں کے علاوہ اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی جبکہ رینجرز اہلکار بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔ ترجمان پولیس کے مطابق عبادت گاہوں اور قبرستانوں کے اطراف بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں سوئپنگ کریں گی۔
پولیس کے مطابق آتش بازی کا سامان فروخت کرنے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔