کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 2 دہشت گردوں اور کالعدم جماعت کے کارندے سمیت 16 ملزم گرفتار کر لئے جن سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
لیاری میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا، پکڑے جانے والے ملزموں کا تعلق لیاری گینگ وار، شیراز کامریڈ گروپ سے ہے، گرفتار ملزموں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، رینجرز نے رام سوامی سے 6 افراد کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔
ادھر پریڈی تھانے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دو دہشتگردوں کو پکڑ لیا گیا۔ دونوں کا تعلق کالعدم جماعت سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق نعمت اور شمروز بینک ڈکیتی ، بھتہ خوری اور سٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں۔ ملزم کالعدم جماعت کے لیے سہولت کار کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔
مچھر کالونی میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ۔ ملیر الفلاح اور شاہ فیصل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو حراست میں لے لیا جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔