کراچی پولیس کا ایس ایس پی فاروق اعوان پر حملے میں ملوث ملزمان کی نشاندہی پر انعام کا اعلان

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے ایس ایس پی فاروق اعوان پر حملے میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنے پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی پولیس کے سربراہ غلام قادر تھیبو نے گزشتہ رات اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے ایس ایس پی فاروق اعوان پر قاتلانہ حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ نشاندہی کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ فاروق اعوان پر حملے کی فوٹیج سے تحقیقات میں مدد ملے گی اور کوشش کریں گے اس سے تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے جبکہ ملزمان تک پہنچنے کے لیے مزید ثبوت بھی جمع کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

کہ ملزمان نے فاروق اعوان کا پیچھا کرکے کارروائی کی ہو کیونکہ جائے وقوعہ پر بارود سے بھری گاڑی کو ایک سے دو منٹ پہلے ہی کھڑا کیا گیا تھا جس کے فوری بعد حادثہ رونما ہوا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان کو فاروق اعوان کی نقل و حرکت کے بارے میں علم تھا۔

غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے منظم طریقے سے کارروائی کی لیکن اس کے باوجود وہ اپنے ناپاک عزائم میں ناکام رہے جبکہ حادثے میں دو افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان چاہے جتنی بھی چالاکی کرلیں پولیس ان تک ضرور پہنچے گی اور اس حملے کے ماسٹر مائنڈ کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔