کراچی (جیوڈیسک) ملیر زون پولیس نے خفیہ اطلاع پر سہراب گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس نے جوابی فائرنگ کی تو کالعدم تحریک طالبان کے دو دہشت گرد ہلاک جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت عبد اللہ عرف کوبرا کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق دہشت گرد شہر قائد میں تخریب کاری کی بڑی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
مقابلے کے بعد پولیس کی اضافی نفری کو علاقے میں طلب کر لیا گیا اور گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا۔
تلاشی کے دوران دہشت گرد بڈو بھائی فرار ہو گیا جس کی موٹر سائیکل پولیس نے قبضے میں لے لی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔