کراچی میں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ بلدیہ ٹاؤن میں داؤد گوٹھ میں بس اڈے کے قریب سڑک کنارے ایک مشکوک سیمنٹ کا بلاک رکھا ہوا ہے جس پر پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے ساتھ فوری کارروائی کرتے ہوئے اس میں موجود 25 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنادیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ ریموٹ کنٹرول بم کو پلاسٹک کے ایک ڈبے میں رکھا گیا تھا اور پھر اسے سیمنٹ کے بلاک کی شکل میں سڑک کنارے رکھ دیا گیا، ایس پی بلدیہ ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ اگر تخریب کاری کا یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو اس سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل سکتی تھی۔

واضح رہے کہ 4 روز قبل بھی بلدیہ ٹاؤن کے ہی علاقے موچکو سے پلاسٹک کے ڈرم میں چھپایا گیا 90 کلو بارودی مواد برآمد ہوا تھا۔