کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں عزیر بلوچ گروپ سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان مارے گئے، دو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، چھاپوں کے دوران کالعدم تنظیم کا کارندہ بھی پکڑا گیا۔
کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں تیز اور ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ لیاری کلری میں پولیس نے گینگ وار ملزموں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی ، جوابی کارروائی میں تین ملزمان مارے گئے جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق ہلاک ملزموں کا تعلق عزیز بلوچ گروپ سے ہے جن کی شناخت سکندر عرف سکھو، سمیر عرف سمو اور جہانگیر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزموں سے دو دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری طرف پاپوش نگر کے علاقے سے کالعدم تنظیم کے کارندے راشد کو گرفتار کیا گیا ، ملیر ماڈل کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کی شناخت صولت حسین کے نام سے ہوئی ہے۔