کراچی میں انسداد پولیو مہم نجی شعبے کو دینے پر غور

Polio Campaign

Polio Campaign

کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ نے کراچی میں انسداد پولیو مہم نجی شعبے کو دینے پر غور شروع کر دیا اور اس سلسلے میں محکمہ صحت نے تجاویز مرتب کرلی ہیں ابتدائی طور پر محکمہ صحت نے پہلے مرحلے میں کراچی کی 8حساس یونین کونسلوں کے 5سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے انجکشن لگانے کی مہم کا منصوبہ آغا خان اسپتال کو دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے جس کی تصدیق ای پی آئی حکام نے کی ہے اور کہا ہے کہ ابتدائی طورپر انسداد پولیو انجکشن مہم آغاخان اسپتال کے ماہرین کی نگرانی میں شروع کی جائیگی۔

یہ مہم آغا خان اسپتال محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے کراچی کی8 یونین کونسلوں میں ہفتہ میں ایک بار میڈیکل کیمپ قائم کرکے منعقد کی جائے گی جہاں بچوں کو پولیو انجکشن ، خسرہ اورمختلف بیماریوں سے بچاؤکیلیے بھی ویکسین دی جائیگی، معلوم ہوا ہے کہ آغا خان کے زیراہتمام آئندہ ماہ سے کراچی کی 8حساس یونین کونسلوں میں میڈیکل کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں بچوں کو پولیو انجکشن کے ساتھ ساتھ بچوں کا تفصیلی طبی معائنہ اوران بچوں کو مختلف امراض سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسینشن کا کورس بھی کرایا جائے گا، میڈیکل کیمپ میں خواتین کو بھی امراض نسواں کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اوران خواتین کو بچوں کو مختلف بیماریوں سے آگاہی اوربچانے کیلیے آگاہی بھی فراہم کی جائیگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انسداد پولیو مہم پہلے صوبائی محکمہ صحت کے براہ راست نگرانی میں شروع کی گئی تھی بعد ازاں اس مہم کو سابقہ ضلعی حکومت کے ماتحت اور اب ضلعی انتظامیہ کے سپرد کر دی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے انسداد پولیو مہم کونجی شعبے میں دیے جانے کا منصوبہ بند تیار کیا ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں کراچی کی 8حساس یونین کونسلوں میں پولیو انجکشن مہم نجی شعبے کے تحت کرائی جائے تاہم مطلوبہ نتائج حاصل ہونے کے بعد منہ کے ذریعے پلائی جانے والی پولیو خوراک مہم کو بھی نجی شعبے میں دیدیا جائے گا۔