کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے تین اضلاع شرقی، غربی اور وسطی میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کا تیسرا دن، مہم کے دوران دس لاکھ 25 ہزار 343 بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے کا ہدف، پولیو ورکرز کی سیکورٹی کے لئے پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
کراچی کے تین اضلاع میں چار روزہ انسداد پولیو مہم تیسرے دن بھی جاری ہے۔ مہم ضلع غربی کی بیالیس یونین کونسلز اور ضلع وسطی کی 51 یوسیز میں مہم چلائی جارہی ہے۔ تینوں اضلاع میں دس لاکھ 25 ہزار343 بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ضلع غربی میں پانچ لاکھ سولہ ہزار چھ سو ، ضلع وسطی میں تین لاکھ پینتالیس ہزار سات سو جبکہ ضلع شرقی میں ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انسداد پولیو مہم میں چھ ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں ۔ پولیو ورکروں کی سیکورٹی کیلئے 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سیکورٹی کے لئے ایسٹ زون میں 108 اہلکار ، ویسٹ میں 664 ، سائوتھ میں 100 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں 60 موبائلیں ، 98 موٹر سائیکل سکواڈ اور 872 اہلکار تعینات ہیں۔