کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے سیاسی جماعت کے سابق عہدیدار کی گرفتاری پر ہنگامے پھوٹ پڑے۔ مشتعل افراد نے 10 گاڑیاں اور درجنوں پتھارے جلا دیئے۔ رینجرز نے سرچ آپریشن کر کے 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
گلستان جوہر میں رینجرز نے سیاسی جماعت کے سابق عہدیدار طارق ترین کو حراست میں لیا جس پر کارکن مشتعل ہو گئے اور ٹائر جلا کر ٹریفک بلا ک کر دی۔ ہنگامہ آرائی کے دوران چار گاڑیوں، چار موٹر سائیکلوں اور دو رکشاں کو آگ لگا دی گئی جبکہ بچت بازار میں لگے درجنوں پتھارے بھی جلا دیئے گئے۔
اس دوران شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آ کر ایک شخص زخمی ہو گیا۔ لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ جوہر چورنگی سے پہلوان گوٹھ جانے والی سڑک کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔
رینجرز نے گلستان جوہر کی عمارت رابعہ سٹی میں سرچ آپریشن کیا اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزم ایک دکان پر دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے جو پھٹ نہ سکا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر اسے ناکارہ بنا دیا۔