کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں حلقہ این اے 254 کے پولنگ اسٹیشن 167 ، 168 ، 181 اور 182 پر اب تک پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے۔ چاروں پولنگ اسٹیشن کوسٹ گارڈ اسکول میں قائم کیے گئے ہیں، پولنگ بوتھ میں تاحال کسی امیدوار کا پولنگ ایجنٹ بھی موجود نہیں، جبکہ پولنگ ایجنٹ نہ ہو نے سے پریزائیڈنگ آفیسر کو بیلٹ باکس سیل کر نے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں قومی اسمبلی کی 7 اور پنجاب اسمبلی کے 15 حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔ الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ پولنگ بغیرکسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، فوج اور سول ادارے صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے ہائی الرٹ ہیں۔ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے بھیپولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ہے اور پالنگ کے عمل کا جائزہ لیا ہے۔